کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رؤف صدیقی نے شاہد خاقان عباسی کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
کراچی میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں جس پر سابق وزیر اعظم نے ان سے مکالمہ کیا کہ لاہور میں ایم کیو ایم کا نائب صدر میرے گاؤں کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نیب کے ہوتے ہوئے حکومت کا نظام نہیں چل سکتا: شاہد خاقان عباسی
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ مڈل کلاس پارٹی ہی ملک کی ترقی کا حل ہے، اس موقع پر رؤف صدیقی نے شاہد خاقان کو ملکی حالات کے حوالے سے کچھ اشعار بھی سنائے۔
واضح رہے کہ محکمہ سمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی اور دیگر ملزمان احتساب عدالت پہنچے تھے۔
ایم کیو ایم کو ریلیف نہیں عدالتوں سے فیصلہ چاہیے: رؤف صدیقی
علاوہ ازیں احتساب عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی نے کہا کہ آٹھ برسوں سے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، ایم کیو ایم کو ریلیف نہیں عدالتوں سے فیصلہ چاہیے، معافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پہلے بھی کیسز سے بری ہوئے اس کیس میں بھی بری ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ میں کس بات کی معافی مانگوں، مقدمات بنائے ہیں تو سامنا کر رہے ہیں، جنہوں نے مقدمات بنائے ان سب کے خلاف مقدمہ عرش پر درج کروایا ہے، ایم کیو ایم کے کئی رہنماؤں اور کارکنان نے کئی کئی سال جیل کاٹی ہے، ہمیں تو معافی ملنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، معافیاں تو اشرافیہ کیلئے ہوتی ہیں، اشرافیہ کیلئے رات دن عدالتیں لگتی ہیں۔