لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں نئی پارٹی کی گنجائش بھی ہے اور ضرورت بھی۔
شاہد خاقان عباسی نے لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد ’دنیا نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف سے ملاقات میں ملکی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، میں نے اپنی تجاویز بھرپور طریقے سے پیش کیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا نوازشریف کے ساتھ جو زیادتی ہوئی اس کا ازالہ کیا جائے، اس سے بڑی کیا زیادتی ہوگی کہ وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹا دیا جائے، میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی سے متاثر نہیں ہوں، نئی پارٹی کی ضرورت بھی ہے اور گنجائش بھی، میاں صاحب سے ملکی حالات پر بات چیت ہوئی ہے، سیاست انتقام کا نام نہیں ہے، مجھے کسی سے کوئی گلہ نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف سے 35 سال کا تعلق ہے، میں استقبال کا قائل نہیں ہوں، پارٹی کے کسی لیڈر کے حوالہ سے میرے کوئی تحفظات نہیں ہیں، نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے کی گئی مشاورت میں شامل نہیں تھا، نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شاہد خاقان عباسی کی گفتگو کے دوران چند افراد مسلسل نعرے بازی کرتے رہے، جس پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ مظاہرے کرنے والے افراد کو اللہ ہدایت دے، مسلم لیگ ن جیتی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔