کوئٹہ: (دنیا نیوز) قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسی پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کا باعث بن گئی۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں صوبائی ذمہ داروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کا افغان مہاجرین کے متعلق تنہا فیصلہ ملک کیلئے مشکلات پیدا کر رہا ہے، حکومت فوری طور تمام قومی قیادت کا اجلاس بلائے اور پاک افغان تعلقات، افغان مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے کی پالیسی پراتفاق رائے پیدا کرے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے افغان مہاجرین کے حوالے سے افغان حکومت کواعتماد میں نہ لیا، اسی وجہ سے ریاستی اور قانونی حق بھی متنازعہ ہو گیا ہے، افغانستان، ایران سمیت ہمسایہ ممالک سے تعلقات دوستانہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، سکیورٹی کے نام پرغیرمتعلقہ افراد کو لاپتہ کرنے سے نفرتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسلم حکمران فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی کا تماشہ نہ کریں، جنگ بندی، اسرائیلی دہشت گردی رکوانے میں فوری کردار ادا کریں، 8 فروری کو الیکشن کے بروقت منصفانہ انعقاد سے مسائل حل ہوں گے۔