اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی جبکہ ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برفباری نے موسم سرما کی نوید سنا دی۔
جڑواں شہروں میں ہونے والی تیز بارش کے بعد موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی ہلکی برف باری اور ژالہ باری ہوئی جس نے موسم سرما کی آمد کی نوید سنا دی ہے، برفباری سے مری میں سردی کی شدت بڑھ گئی، برف باری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس مری کے مطابق برفباری کے بعد مری میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، مری کی تمام سڑکیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں۔
تازہ ترین / شدید ترین بارش اور ژالہ باری!!!
— PakWeather.com (@Pak_Weather) November 9, 2023
اسلام آباد/راولپنڈی میں طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری، موسم سرد ہوگیا۔۔ مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال۔۔ pic.twitter.com/WWyWalS2hT
ادھر جڑواں شہروں میں ہونے والی بارش نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، بارش کی وجہ سے ائیرپورٹ کی چھٹ ٹپکنے لگی، ائیر پورٹ پر موجود مسافروں کو چھت ٹپکنے کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام وادی ناران اور کاغان میں بھی برفباری ہوئی ہے، بٹہ کنڈی، جلکھڈ اور لولوسر جھیل پر چار سے چھ انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، برفباری کے باعث بابو سرٹاپ جانے والی سڑک بند ہو گئی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ بابو سر ٹاپ پر پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا، گٹی داس کے مقام پر بھی برفباری کے باعث پھنسے سیاحوں کو بحافظت ریسکو کیا گیا ہے، سیاح برفباری والے علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔