اسلام آباد: (دنیانیوز) ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے 4 خواتین اور 3 بچوں کو اسلام آباد سے بازیاب کر لیا، متاثرین کا تعلق آذربائیجان سے ہے ۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ خواتین کو ملازمت کا جھانسہ دے کر آذربائیجان سے لایا گیا، ملزمان متاثرہ خواتین کا جنسی استحصال کرنے میں ملوث پائے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین وزٹ ویزے پر پاکستان آئی تھیں اور ان کے ویزے کی معیاد ختم ہو چکی تھی اور وہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھیں۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ خواتین اور بچوں کو اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں واقع فلیٹس سے بازیاب کیا گیاہے ، چھاپے کے دوران خواتین سے پاسپورٹس بھی برآمد کر لئے گئے ہیں ۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے 3 انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی گرفتاری کے لئے کریک ڈاؤن جاری ہے، انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔