ریاض: (دنیا نیوز) دورہ سعودی عرب کے دوران نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات ہوئی۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین بالخصوص غزہ میں قابض صہیونی فوجوں کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، وزیرِ اعظم نے صدر محمود عباس کو یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کے لوگوں کی سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے عالمی قوتوں کی غزہ میں جاری بربریت پر خاموشی کو شرمناک قرار دیا۔
— Prime Minister s Office (@PakPMO) November 10, 2023
انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں غزہ میں جنگ بندی، نہتے فلسطینیوں بالخصوص معصوم بچوں کے قتل عام کو روکنے میں کردارادا کریں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی اور اشیائے ضروریہ و طبی امداد کی فراہمی کیلئے راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے پاکستان کا اس مشکل وقت میں فلسطینیوں کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا، صدر محمود عباس نے غزہ کے محصور مسلمانوں کیلئے امداد بھیجنے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔