تاشقند: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ملاقات ہوئی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور ازبکستان کے صدر کی ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ہوئی، دونوں رہنماؤں کی سیاسی، تجارتی، سلامتی، دفاع اور روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوئی۔
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) November 8, 2023
نگران وزیراعظم نے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہمی روابط کے فروغ کی رفتار برقرار رہنی چاہئے، دونوں رہنماؤں نے علاقائی، اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لئے سٹرٹیجک پارٹنر شپ معاہدے کو حتمی شکل دینے کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم سے سیکرٹری جنرل ای سی او خسرو نوزیری کی ملاقات
دونوں رہنماؤں نے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کےعزم کا بھی اعادہ کیا، وزیراعظم انوارالحق کاکڑاور ازبک صدر کی غزہ میں جاری انسانی صورتحال اور دیگرعلاقائی اورعالمی پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی۔