پنجاب حکومت کا غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم

Published On 07 November,2023 04:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

نگران پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت اور وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حکم ملنے کے بعد لاہور سمیت صوبے بھر میں غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو پاکستان بدر کرنے کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے آئی جی پنجاب سمیت صوبے بھر کے ضلعی پولیس افسروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور ان کو حراست میں لیکر ان کے خلاف قانونی کارروائی کرکے ملک بدر کیا جائے، اس حکم پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

لاہور پولیس کے افسروں کی جانب سے بھی تمام ڈویژنل ایس پیز، آپریشن ونگ کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کر دی گئیں، غیر قانونی غیر ملکی جو ان کے علاقوں میں مقیم ہیں ان کو حراست میں لیکر ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ملک بدر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ 72 گھنٹے کے دوران لاہور شہر میں غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کئے جانے کا امکان ہے۔