اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہو گیا۔
نگران وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمرسیف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
— Ministry of IT & Telecom (@MoitOfficial) November 2, 2023
عمرسیف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لئے سعودی عرب ایک پرکشش مارکیٹ ہے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں اپنے کاروبار کو وسعت دینا چاہتی ہیں، چاہتے ہیں کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی سعودی عرب میں با آسانی آمدورفت ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لئے سفر اور ویزا کے حصول میں آسانی پیدا کرے، پاکستان کے آئی ٹی و ٹیلی کام پروفیشنلز میں بڑا پوٹینشل ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے، سعودی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔
نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے میدان میں مکمل تعاون کرے گا، ویزا کے حصول میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو مزید آسانیاں اور مکمل سپورٹ مہیا کی جائے گی۔