لاہور: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم کسی غیرقانونی مقیم غیرملکی کو مادر پدر آزادی نہیں دے سکتے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو لاکھ کے قریب غیرملکی واپس جا چکے ہیں، غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا، غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کریں گے۔
سرفرازبگٹی نے کہا کہ پاکستان میں کسی کو بھی غیرقانونی طریقے سے رہنے کی اجازت نہیں، چوبیس میں سے 14 خودکش بمباروں کا تعلق افغانستان سے ہے، ہم اپنے ملک کو آرڈر میں لانا چاہتے ہیں، دنیا کے کسی بھی ملک میں بغیر ویزے کے رہائش کی اجازت نہیں دی جاتی، ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے جعلی شناختی کارڈ بنوا رکھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھرمیں غیرقانونی مقیم افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز، درجنوں زیرحراست
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اپنے ملک کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں چاہے کوئی ناراض ہو، جن کے پاس دستاویزات ہیں انہیں ہاتھ نہیں لگایا جارہا، جن کے پاس دستاویزات نہیں ان کو بے دخل کیا جارہا ہے، ویزا لیکر کوئی بھی پاکستان آکر کاروبار کرسکتا ہے، ہم کسی کو بھی غیرقانونی طریقے سے کاروبار نہیں کرنے دیں گے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سب کو پاکستان کے قوانین پرعمل کرنا ہوگا، ہم تو اپنے گھر کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایمانداری سے بتاؤں آگے جاکر کونسی پارٹی میں سیاست کرنی ہے ابھی اس پراسس سے گزر رہا ہوں، سرفرازبگٹی سے سوال کیا گیا آپ بھی (ن) لیگ میں جانا چاہتے ہیں جس کے جواب میں انہوں نے کہا ہاں کر رہا ہوں نہ انکار کر رہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لیں: محسن نقوی
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ میری کسی سٹوڈنٹ سے کوئی خفگی نہیں، مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اختلاف رائے کو بدتمیزی کی طرف نہیں لیجانا چاہئے، بلوچستان یونیورسٹی میں پہلا مکالمہ2013ء میں ہوا تھا، انوارالحق کاکڑ اور میں 2013ء کے مکالمے میں موجود تھے، بلوچستان کے طلبہ جب دعوت دیں گے ضرور جاؤں گا۔