معیشت کی بہتری کیلئے خاطر خواہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں: نگران وزیراعلیٰ سندھ

Published On 31 October,2023 10:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے خاطر خواہ اقدامات وقت کی ضرورت واہمیت کے حامل ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے بزنس فورم اینڈ تھنک ٹینک کی تقریب میں شرکت کی، وزیراعلیٰ کی آمد پرصدر کراچی بزنس فورم راشد صدیقی نے ان کا استقبال کیا، تقریب میں مختلف صنعتی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان اور انڈسٹریلسٹ نے شرکت کی۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطاق وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے کراچی کی تاجر برادری جانفشانی سے اپنا کام کر رہی ہے، خوشی ہے کراچی کی تاجر برادری انتہائی سنجیدگی سے معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

مقبول باقر نے کہا کہ نگران حکومت محدود مدت و اختیارات کے ساتھ تشکیل پاتی ہے جس میں کوئی شک نہیں، ترقی کیلئے شامل اداروں کی کارکردگی پر جائزہ لے کر اہم فیصلے کرنے ہوں گے، کراچی میں ضرورت کے حامل صنعتی ترقی کو درپیش مسائل کا حل میری حکومت کی ترجیح ہے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صنعتی مسائل میں پانی، بجلی و گیس کی کمی ایک چیلنج ہے، پاکستان کی ایکسپورٹ کوبڑھانا ایک جہد مسلسل ہے، معاشی ترقی کیلئے ہماری حکومت کا ہرفرد بزنس کمیونٹی کے شانہ بشانہ ہے۔