وزیراعظم کی مالی خود انحصاری کے فروغ کیلئے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت

Published On 01 November,2023 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مالی خود انحصاری کو فروغ دینے کیلئے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے زیر صدارت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں پروگرام کی اب تک کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام سے پورے ملک میں تقریباً 1 کروڑ خاندانوں کے 6 کروڑ لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت ملک کی معاشی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے: نگران وزیراعظم

وزیراعظم نے مستحق خاندانوں کی معاونت پر پروگرام کی کارکردگی کو سراہا، نگران وزیراعظم نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نتائج انتہائی خوش آئند ہیں، پائیدار مستقبل شہریوں کی مالی خود انحصاری سے منسلک ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینیفشریز کو تکنیکی تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑے کیا جانا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر پر دنیا اپنی ذمہ داری سے آنکھیں نہیں چرا سکتی: نگران وزیراعظم

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک بہترین ڈیٹابیس ہے، اس ڈیٹا کو سبسڈیز کیلے استعمال میں لایا جائے، بڑے کاروباری ادارے اور صاحب ثروت لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے شراکت دار بنیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مقامی خیراتی اور فلاحی تنظیموں کے ساتھ پارٹنر شپ کرے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ریاست پاکستان کمزور طبقوں کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ وہ ایک پر امید زندگی گزار سکیں۔