پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نگران صوبائی حکومت نے اہم اقدام کرتے ہوئے حکومتی اداروں اور بزنس کمیونٹی کے درمیان روابط کیلئے آن لائن ویب پورٹل کا اجراء کر دیا۔
ویب پورٹل کے اجراء کے سلسلے میں وزیراعلی ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں برٹش ہائی کمشنر جین میرئیٹ نے خصوصی شرکت کی، نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آن لائن بزنس پورٹل کا اجراء صوبائی حکومت کا ایک اہم اقدام ہے، پورٹل بزنس کمیونٹی اور حکومتی اداروں کے درمیان کمیونیکیشن کیلئے مؤثر پلیٹ فارم ہوگا۔
محمداعظم خان نے کہا کہ اس میں کاروباری سرگرمیوں اور حکومتی پالیسی، بزنس کمیونٹی کی شراکت یقینی ہوگی، معاشی ماحول کیلئے پبلک فنانشل مینجمنٹ سسٹم میں جدت لانا حکومتی اہداف میں سر فہرست ہے، سیاحت، انفراسٹرکچر، توانائی، معدنیات و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خاطرخواہ استعداد موجود ہے۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے مابین روابط صوبے کی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہونگے، برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے مابین دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں، برطانوی ڈونرایجنسیزمختلف شعبوں میں عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں معاونت کررہی ہیں۔