اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے7 سالوں میں 340 ارب ڈالرز درکارہیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے پاکستان کو بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے، پاکستان کی کمپنیاں بین الاقوامی سطح پرفنانسنگ حاصل کرسکتی ہیں، نیشنل ایڈاپٹیشن پلان بنا لیا ہے، تمام وزارتوں کو کلائمنٹ منصوبوں پرخرچے کی منصوبہ بندی کا کہا ہے، پاکستان کوعالمی مارکیٹ سے مہنگے قرضے مل رہے ہیں، قرضے مہنگے ہونے کے باعث یہ پلان مؤخر کردیا ہے، قرضوں اور سود کی ادائیگیوں پر75 فیصد ریونیو خرچ ہوتا ہے۔
نگران وزیر خزانہ نے کہا کہ حالیہ کاوشوں کے باوجود پاکستان میں ماحولیاتی مسائل اور بحرانوں سے متاثر ہونے کاخطرہ ہے، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ملکر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، کم آمدنی والے ملکوں کو ماحولیاتی مشکلات میں سرفہرست رکھا ہوا ہے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے مزید کہا کہ پاکستان کے لئے قرضوں پر ڈیفالٹ کا آپشن نہیں ہے۔