اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایس آئی ایف سی کے تحت صنعت کاری میں سرمایہ کاری کیلئے ون سٹاپ شاپ لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کے زیرصدارت ایس آئی ایف سی ورکنگ گروپ برائے اقتصادی زونز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں حائل رکاوٹوں پر غور کیا گیا، نجکاری کمیشن بورڈ آف انویسٹمنٹ حکام، ڈی جی خصوصی اقتصادی زونز نے درپیش رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں بین الاقوامی رائج طریقہ کار، معیارات پر مبنی ترقیاتی فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا، سرمایہ کاری بورڈ ون سٹاپ شاپ کیلئے ورکنگ پیپر تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گا، ون سٹاپ شاپ کے تحت صنعتکاری میں سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر سہولتیں میسر ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق صنعتکاری میں سرمایہ کاروں کو اس وقت 17 سے زائد کلیئرنس سرٹیفکیٹ درکار ہوتے ہیں، ون سٹاپ شاپ کے قیام سے سرمایہ کاروں کیلئے تمام سہولیات جلد فراہم کی جا سکیں گی، وزارت نجکاری سرمایہ کاری کا تیار شدہ ون سٹاپ شاپ ورکنگ پیپر ایس آئی ایف سی میں پیش کیا جائے گا۔