تاشقند: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم کاکڑ اور صدر علیئیف نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز، علاقائی تعاون اور اجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے ای سی او کے اہم کردار پر تبادلہء خیال کیا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان ایئر لائن کے پاکستان کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروبار، سیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص قرہ باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
ای سی او کے سولہویں سربراہی اجلاس میں انوار الحق کاکڑ کا علاقائی رہنماؤں کیساتھ گروپ فوٹو
قبل ازیں وزیر اعظم جیسے ہی تاشقند کنونشن سینٹر پہنچے تو ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے ان کا استقبال کیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 16 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر علاقائی رہنماؤں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔