لاہور میں آج بھی سموگ کا راج، فضائی آلودگی میں شہر دوسرے نمبرپر

Published On 15 November,2023 08:52 am

لاہور : (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کو سموگ سے نجات نہ مل سکی، لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر کے شہروں میں آج بھی دوسرے نمبر پرہے۔

شہر کا اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس 308 ریکارڈ کیا گیا ہے، مال روڈ کا اے کیو آئی308 اور عامر ٹاؤن میں 356 رہا ، موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت آج کم سے کم 13 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔

ادھر فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو خشک کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، گزشتہ 2 روز میں شہر کے 5 بڑے ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ 2 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔

جناح ہسپتال میں900 ،میو ہسپتال 850 جبکہ گنگارام میں700 مریض رپورٹ ہوئے اس کے علاوہ متعدد مریضوں نے سروسزاور جنرل ہسپتال کا بھی رخ کیا۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سانس کی بیماری میں مبتلا مریض گھروں سے باہر نہ جائیں، سموگ سے جلدی امراض میں اضافہ اور آنکھیں متاثر ہو سکتی ہیں، شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں، کم قوت مدافعت رکھنے والے افراد اچھی خوراک، ڈرائی فروٹ اور قہوہ کا استعمال کریں۔