آمدن سے زائد اثاثے، جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کل ہوگی

Published On 19 November,2023 06:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم جوڈیشل کونسل کے روبرو جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف ریفرنسز کی سماعت پیر کو ہوگی۔

جسٹس مظاہر نقوی کے نام پر لاہور میں دو جائیدادوں کا مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا، گلبرگ تھری لاہور میں پلاٹ نمبر 144 بلاک ایف ون کا مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا، لاہور کینٹ میں پلاٹ نمبر 100 سینٹ جانز پارک کا بھی مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا۔

دونوں جائیدادوں کی بابت متعلقہ سرکاری محکموں کو ریکارڈ طلبی کے نوٹسز موصول ہوگئے، پیر کو دوپہر 3 بجے سینئر افسروں کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا گیا، سپریم جوڈیشل کونسل نے آئین کے آرٹیکل 210 کے تحت تمام متعلقہ افسروں کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔

میاں داؤد ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف ریفرنسز دائر کر رکھے ہیں، سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے 13 نومبر کو نوٹسز جاری کئے تھے، جسٹس مظاہر نقوی نے 10 نومبر کو کونسل کی تشکیل اور ممبران پر اعتراض پر مبنی جواب جمع کرایا تھا، جسٹس مظاہر نقوی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔