لاہور: (دنیا نیوز) سموگ نے لاہوریوں کی جان نہ چھوڑی، سورج نے بھی فضائی آلودگی کی اوٹ میں چہرہ چھپا لیا۔
فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آج بھی دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے، شہر کا اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس 313 ریکارڈ کیا گیا، مال روڈ کا اے کیو آئی 617 اور عامر ٹاؤن کا 385 ریکارڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے ماسک سے متعلق حکومتی احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا ہے، فضائی آلودگی کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
طبی ماہرین نے سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال یقینی بنانے اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تجویز دی ہے۔
ادھر گزشتہ روز مالیاتی کمیشن اور ایل ڈی اے نے انسداد سموگ سے متعلق کارروائیوں پر مبنی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی جس میں متعلقہ محکموں کے انسداد سموگ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر عدالت عالیہ کو آگاہ کیا گیا۔
دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور بھٹوں کو ڈی سِیل کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جن افسران نے ڈی سِیل کیا ان کے نام بتائیں، ان کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔