اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت مکمل غیر جانبدار ہے، پی ٹی آئی سمیت کسی جماعت کو جلسوں سے نہیں روکا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت متعدد منصوبوں میں قابل ذکر سرمایہ کاری کے لئے الیکشن سے قبل معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے، آئندہ ہفتوں کے دوران ملک میں سرمایہ کاری کی جائے گی، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سمیت دیگر کئی ممالک مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ چند روز میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خوشخبری ملے گی: نگران وزیراعظم
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور کویت میں 7مختلف منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے، نگران حکومت میں کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہورہا، نگران حکومت آزادانہ اور شفاف انتخابات کے بروقت انعقاد میں الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرے گی، پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کو سیاسی ریلی یا سرگرمی سے روکا نہیں جارہا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی پیشہ ورانہ بنیادوں پراٹھایا گیا اقدام ہے، کونسل کی کارکردگی انتہائی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، مسنگ پرسنز کے حوالے سے پراپیگنڈا کرنے والے عناصرعالمی اداروں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان امن کا داعی، ہمسائیوں سے برادرانہ تعلقات چاہتا ہے: نگران وزیراعظم
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کرنے کیلئے وکٹم کارڈ بھی استعمال کرتی ہیں، پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کے درمیان حالیہ سیاسی بیان بازی کا نگران حکومت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارے سب کے ساتھ بہترتعلقات ہیں۔
نگران وزیراعظم نے واضح کیا کہ 9 مئی کی توڑپھوڑ اورجلاؤ گھیراؤ میں بعض لوگ جیلوں میں ہیں اور بعض عدالتی عمل کاسامنا کر رہے ہیں، ہم اس عمل کو نہیں روک سکتے۔