کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ہم نے امریکا کا غرو مٹتے اور اسرائیل کے غرور کو خاک ہوتے دیکھا ہے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے تین تلوار کلفٹن پر غزہ بائیک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کو شکست دی، 50 دن گزرنے کے باوجود اسرائیل کی ہمت نہیں کہ حماس کے مجاہدین کا سامنا کرسکے، صیہونی بچوں اور عورتوں پر بمباری کررہے ہیں، گھروں پر بمباری کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کے آلہ کار جہاں بھی ہیں لوگوں کو ڈرا رہے ہیں:حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکی حکومت اور یورپی ممالک جس کو چاہتے ہیں غلط قراردیتے اور جس کو چاہتے اچھا بناتے تھے، یورپی ممالک اپنی عوام کو خوف میں مبتلا رکھتے تھے، حماس کی مزاحمت نے یورپی ممالک کے عوام کی آنکھوں سے پٹی اتاردی ہے، حماس کی مزاحمت نے دنیا کو عوام اور خواص میں تقسیم کردیا ہے، یورپی ممالک کے عوام کی آنکھوں سے پٹی تو ہٹ گئی لیکن مسلم حکمرانوں کے آنکھوں سے پٹی نہیں ہٹ رہی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ کھل کر اسرائیل اور امریکا کے خلاف بات کرسکیں، مسلم حکمرانوں کو امریکا اور اسرائیل سے نہیں بلکہ اپنے عوام اور مزاحمت سے خوف ہے، امریکی آلہ کاروں کو بادشاہ سلامت بنا کر ہمارے سروں پر مسلط کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس نے دنیا کی ہسٹری بدل دی، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں: حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ امریکی آلہ کاروں کو جب تک سروں سے نہیں ہٹایا جائے گا ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کو پیغام دیں کہ عزت کا راستہ غلاموں کو سروں سے ہٹانے میں ہے۔