حیدر آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا کے آلہ کار جہاں جہاں بھی مسلط ہیں لوگوں کو ڈرا رہے ہیں۔
غزہ مارچ کے شرکا سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج حیدر آباد کے عوام کو بڑی تعداد میں غزہ مارچ میں شریک ہونے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ لوگ اپنے حصے کا چراغ جلانے کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں، یہ لوگ اللہ کو بتا سکیں گے کہ جب لاشیں گر رہی تھیں تو ہم فلسطینی ماؤں اور بچوں کے ساتھ کھڑے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دل دکھی ہیں، 15 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے، اسرائیل وحشی درندہ مسلسل بمباری کر رہا ہے، کوئی روکنے والا نہیں، امریکا کے انسانی ہمدردی کے سارے نعرے زمین تلے دب چکے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس کی مزاحمت اور اسرائیل کی درندگی نے پوری دنیا کے با ضمیر انسانوں کی آنکھیں کھول دی ہیں، باضمیر وہ ہیں جو فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مظلوم الگ ہو کر اکھٹے ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کیے گئے، 76 سال سے درندگی جاری ہے، اسرائیل کا کوئی وجود نہیں تھا، یہ ناپاک ریاست مسلط کی گئی ہے، برطانیہ اور امریکہ نے سازش کر کے فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کیے اور یہودیوں کو بسایا، اقوام متحدہ اس ظلم میں شریک رہی ہے۔