کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس کی مزاحمت نے پوری دنیا کی ہسٹری بدل کر رکھ دی ہے، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں اسی لئے جمع ہوئے ہیں کہ ہم پاکستانی مصنوعات کو کیسے برانڈز بنا سکتے ہیں، پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے سے ملک کی معیشت اور ایکسپورٹ کو بہتربنانے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہرفرد یہی دیکھ رہا ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، تاجروصنعت کار صرف اور صرف فلسطینیوں کی قربانیوں کے نتیجے میں جمع ہیں، سٹور مالکان بیرونی مصنوعات کو پیچھے رکھ کر پاکستانی مصنوعات کو سامنے لائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چار دن کی جنگ بندی میں حماس نے بہت سی شرائط کو منوایا ہے، اسرائیل نے 13 ہزار کے قریب فلسطینیوں کو شہید کیا، امریکا نے عراق پر بہت ظلم کیا، اسرائیل نے فلسطین پر قبضہ کیا ہوا ہے، اسرائیل کی دہشت گردی نے دنیا کو دوحصوں میں تقسیم کردیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ باضمیر انسان اسرائیلی مظالم کے خلاف کھڑے ہوگئے ہیں، سپین کی مزدور یونین نے کہا ہے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ختم کئے جائیں، دنیا کی تاریخ بدل رہی ہے، ہمارے ملک میں تقسیم درتقسیم ہے، مسلم حکمرانوں کو تقسیم کے بجائے متحد ہونا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہونا ہوگا، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہئے، سروے کے مطابق 84 فیصد لوگوں نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا ہے۔