کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مقصد سیاستدان کے خلاف سازشوں کو روکنا ہے، ملک میں میثاق معیشت بھی ہونا چاہئے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نثارکھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی 56 ویں سالگرہ اس مرتبہ 30 تاریخ کو کوئٹہ میں منائی جارہی ہے، یوم تاسیس میں چیئرمین پیپلز پارٹی سمیت پیپلزپارٹی کی پوری قیادت کوئٹہ جائیگی، سول سوسائٹی کے لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، ارسلان نوری، نور فاطمہ اور دیگر پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ بڑی مشکل سے انتخابات کی تاریخ ملی ہے، آٹھ فروری کو انتخابات ہوں گے، حلقہ بندیوں کی وجہ سے انتخابات التواء کا شکار ہوئے، ہم نے تین ماہ انتظار کیا، بارہ کروڑ ووٹر میں 65 فیصد یوتھ ہے، ہمارے نوجوان بھی ووٹنگ میں حصہ لیں اور اپنا کردار ادا کریں۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے گہما گہمی شروع ہو چکی ہے، انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، ہمیں میثاق جمہوریت یاد آتا ہے، یہ معاہدہ دو پارٹیوں کے درمیان ہوا تھا، اس پر کئی پارٹیوں نے اعتراض اٹھائے تھے۔