ابوظہبی: (دنیا نیوز) نگرانن وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی معاہدوں سے معیشت مضبوط ہوگی اور باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
متحدہ عرب امارات سے اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاہدوں سے معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، سمجھوتوں پر عمل درآمد کے جلد مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، یو اے ای میں 20 سے 25 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے: وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد کو متحدہ عرب امارات میں خصوصی پذیرائی ملی، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات انتہائی مفید رہی، متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے معاہدوں میں آرمی چیف کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے معاہدوں سے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملے گی، متحدہ عرب امارات توانائی، پورٹ آپریشنز پراجیکٹس،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی، بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بابا گورونانک نے پیار، مساوات اور ہمدردی کا پیغام عام کیا: محسن نقوی
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو گی اور یو اے ای سے اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہو گا، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان اور عرب امارات کے درمیان دوستی اورمحبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے۔