پیپلزپارٹی تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست نہیں ملک کی ترقی چاہتی ہے: شازیہ مری

Published On 30 November,2023 06:50 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست نہیں ملک کی ترقی چاہتی ہے۔

پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ مری نے کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس منعقد ہوا، پیپلز پارٹی کا 56 سالہ سفر کٹھن جدوجہد اور قربانیوں سے بھرا ہوا ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے تقریر سے پیغام دیا کہ پیپلزپارٹی ملک کی ترقی چاہتی ہے، آصف زرداری نے اپنے دور میں پارلیمنٹ کو مضبوط اور آغاز حقوق بلوچستان شروع کیا، این ایف سی میں بلوچستان کا حصہ 5 فیصد سے 9 فیصد تک بڑھایا گیا۔

پیپلزپارٹی کی رہنما نے کہا کہ آصف زرداری کی کوششوں سے سی پیک کے معاہدے عمل میں آئے، ایران گیس پائپ لائن کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی، بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتدار میں آ کر گیس پائپ لائن منصوبہ دوبارہ شروع کیا جائے گا، اس وقت ملک کو مہنگائی، بے روزگاری کے مسائل کا سامنا ہے۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں بے پناہ مہنگائی ہوئی، ن لیگ بھی مہنگائی کم کرنے میں ناکام رہی، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ روزگار کی فراہمی کے لئے کام کیا۔