کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ ان فرعونوں نے ہمارے بیٹے لاپتہ کئے ہم ان کی کرپشن، بدعنوانی کو لاپتہ کریں گے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے شہروں میں رہنے والے پاکستانی ایم کیوایم کے پرچم تلے جمع ہیں، جلسے میں لوگ اپنی رضا اور اپنی مرضی سے آئے ہیں، ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں انکی نشاندہی کرنی ہوگی، اپنی غلطیوں کو درست کرنا ہوگا۔
— UC 25 GULSHAN TOWN MQM PAK (@MuqaddasArsha6) December 2, 2023
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کے ٹو کا پانی کا منصوبہ میری میئرشپ میں اور کے تھری کا پانی کا منصوبہ مصطفیٰ کمال کے دور میں بنا، آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تمام محکموں پر صوبائی حکومت قابض ہوگئی، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ ملکی ٹیکس کلیکشن میں کراچی چار ہزار ارب سے زائد ٹیکس دیتا ہے، چار ہزار ارب روپے ملکی خزانے کو دیکر ہمیں صرف چالیس ارب ملتے ہیں، ہم اپنے بیٹے بیٹیوں کو ڈگریاں لیکر دربدر کی ٹھوکریں کھاتے ہوئے اب نہیں دیکھنا چاہتے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اب ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے تنظیمی ڈھانچے میں یوتھ کو پروموٹ کریں، پندرہ سالوں سے کبھی ایک شاہ کبھی دوسرا شاہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں اختیارات اور وسائل پر قابض بیٹھا ہوا ہے۔