کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اور آپ ان غاصبوں اور قاتلوں کا انجام ضرور دیکھیں گے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہماری رگوں میں وہ خون دوڑ رہا ہے جس نے جب جوش مارا تو یہ خطہ ہندوستان سے پاکستان بن گیا، ہم نے پاکستان کی عوام کی آزادی و خودمختاری کیلئے تین نکات پیش کئے ہیں، ہم کہہ رہے ہیں یہ تین نکات مان لیں ورنہ ایسا نہ ہوکہ پھر سے چھ نکات آجائیں۔
— Sᵤₙy mQm®️ (@SunyMQMpk) December 2, 2023
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے غلامی سے آزادی کیلئے بیس لاکھ جانوں کی قربانی دی، ان پرچموں کی قسم ہم اپنے خوابوں کی تعبیر بھی دیکھیں گے، ہم اور آپ ان غاصبوں اور قاتلوں کا انجام ضرور دیکھیں گے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر ان کو ہمارے نکات ماننا ہونگے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جو پاکستان کو پالتا ہے ان کے لئے اس کو پالنا مشکل ہوگیا ہے، ہم نے غلامی کو ختم کرنے کیلئے یہ ملک آزاد کرایا، اب جابر حکمرانوں کی غلامی سے بھی آزادی حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے، اب ایک نئی جدوجہد کا آغاز ہو گیا ہے، آپ سب کو مبارک ہو۔