نجف: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کے ساتھ نجف کا دورہ کیا، عراقی رکن پارلیمنٹ عبدالہادی الحسنوی نے وفد کا استقبال کیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق پاکستانی وفد نے عراقی رکن پارلیمنٹ عبدالہادی الحسنوی سے ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے امور بھی زیر بحث آئے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ اسلامی تاریخ میں نجف کی بہت اہمیت ہے، پاکستانی نجف کو اپنے لئے مقدس ترین مقامات میں سے ایک اہم مقام سمجھتے ہیں، اس قسم کے جذبات دونوں قوموں کے درمیان ثقافتی اور مذہبی رشتوں کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عراقی رکن پارلیمنٹ عبدالہادی الحسنوی نے کہا کہ عراقی عوام پاکستان کو دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پاکستان کی شاندار کامیابیوں کے معترف ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہے اور عراقی لوگوں کے دل کے بہت قریب ہے۔
اس موقع پر سینیٹرز دلاور خان، فیصل سلیم رحمان اور محمد عبدالقادر بھی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ تھے۔