بغداد: (ویب ڈیسک ) عراق کے صوبے نینوا میں قیامت صغریٰ برپا ، شادی کی تقریب کے دوران ہال میں آتشزدگی سے 113 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق عراقی شہر الحمدانیہ میں شادی تقریب کے دوران ہال میں آتشزدگی کے وقت ایک ہزار سے زائد افراد تقریب میں شرکت کیلئے وہاں موجود تھے۔
رپورٹس کے مطابق عراقی وزارت شہری دفاع کا کہنا ہے کہ حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ آتش بازی کے سامان سے لگی تھی، کنسرٹ ہال میں الارم اور فائر فائٹنگ سسٹم کے لیے حفاظتی تقاضوں کا بھی فقدان ہے ، حادثے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی ڈپٹی گورنر نے حادثے میں 113 اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال روانہ کیا جا رہا ہے تاہم حادثے میں اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے وزارت داخلہ اور وزارت صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آگ سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے چوکس رہیں۔