گزشتہ حکومت کے فتنے کو شکست دی، پاکستان پر معاشی دباؤ مسلط کیا جارہا ہے: فضل الرحمان

Published On 09 December,2023 08:37 pm

پشاور: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے فتنے کو ہم نے شکست دی، پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دباؤ مسلط کیا جارہا ہے۔

جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہمارے لئے خوشی کا لمحہ ہے، مہمند کے نامور خاندان نے باضابطہ طورپر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کریں: مولانا فضل الرحمان

فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے ہم اس کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کی شناخت اسلامی ہونی چاہئے تھی، ہماری مذہبی شناخت کو ختم کردیا گیا، پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دباؤ مسلط کیا جارہا ہے، بھارت، افغانستان، ایران پر معاشی دباؤ نہیں ہے۔

امیر جے یو آئی نے کہا کہ بھارت، بنگلہ دیش پر مدارس کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے، دینی مدارس کے حوالے سے دباؤ صرف پاکستان پر ہے، الیکشن میں آپ کے ووٹ نے فیصلہ کرنا ہے، کیا پھر آپ انہی قوتوں کے حوالے ملک کریں گے جن کا ایجنڈا کشمیر بیچنا اوراسرائیل کو تسلیم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی جماعتیں الیکشن کمپین کررہیں اور ریاست ڈوب رہی ہے: فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے لوگوں نے بہت بڑی قربانی دی ہے، حماس نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کردیا ہے، کہاں ہے عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں؟ غزہ میں دو ماہ کے اندر16 ہزار لوگوں کو شہید کر دیا گیا، بیس سال افغانستان میں انسانیت کا قتل کیا گیا، امریکا نےعراق، لیبیا، شام کو برباد کیا۔

جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ امریکا کے ہاتھوں پوری انسانیت کا خون ٹپک رہا ہے، امریکا افغانستان سے شکست کھا کر بھاگا، اسے سپر پاورنہیں کہہ سکتے، اسلامی دنیا اور ہمارے ملک کے حکمران کیوں دباؤ میں ہیں۔