پشاور: انتخابات کیلئے تربیت یافتہ عملے کے تبادلوں پر الیکشن کمیشن معترض

Published On 08 December,2023 08:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے تربیت یافتہ عملے کے تبادلوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ملازمین کے تبادلے نہ کیے جائیں جنہیں تربیت دے دی گئی ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ تربیت یافتہ عملے کی متعلقہ حلقے میں موجودگی اور تعیناتی انتہائی اہم ہے، ضلعی اور حلقوں کی سطح پر 640 ملازمین کو الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر تربیت دی جا چکی ہے، انتخابات کے انعقاد کیلئے ان ملازمین کو نامزد ریٹرننگ افسران کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ فیلڈ دفاتر کی طرف سے مطلع کیا گیا ہے کہ کچھ آپریٹرز کو ٹرانسفر کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے مذکورہ 640 ملازمین کی فہرست بھی صوبائی حکومت کو ارسال ہو چکی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے مراسلہ جاری ہونے کے بعد نگران صوبائی حکومت نے انتظامی محکموں کو انتخابات تک مذکورہ ملازمین کا تبادلہ نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔