کسی جماعت کو طاقت کے زور پر سیاسی عمل سے باہر نہیں کرنا چاہئے: قمر زمان کائرہ

Published On 10 December,2023 04:54 pm

منڈی بہاء الدین: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کسی جماعت کو طاقت کے زور پر سیاسی عمل سے باہر نہیں کرنا چاہئے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سب کو سیاست کرنے کا حق ملنا چاہئے، میاں نواز شریف کو لندن روانگی کے وقت سے ہی فیور دی جارہی ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت کئی لوگوں کا شکوہ ہے کہ انہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، پیپلزپارٹی کسی جماعت سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کررہی، ق لیگ، آئی پی پی، ایم کیو ایم سے ایڈجسٹمنٹ کیسے ہوتی ہے یہ بتانے کی ضرورت نہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام کے سہارے کے علاوہ کبھی کوئی سہارا نہیں لیا، پی ٹی آئی کے کچھ لوگ اگر کیسز میں ملوث ہیں تو کیسز کا جلد ٹرائل ہونا چاہئے، جزا اور سزا کا فیصلہ عدالتوں سے ہونا چاہئے، اگر کسی نے قانون توڑا ہے تو شفاف طریقے سے کارروائی کی جائے۔