کراچی: (دنیا نیوز) جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی سندھ سینیٹر وقار مہدی نے سراج الحق کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ آمروں کی تابعداری کی ہے، ضیاء آمریت میں جماعت اسلامی نے تعلیمی اداروں کو مقتل گاہ بنایا۔
وقارمہدی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نام نہاد جہاد نے دہشت گردی کی نرسریوں کی آبیاری کی، جہاد کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کیا، اب مذہب کے نام پر فتنہ اور فساد پھیلانے کا زمانہ گزر چکا ہے، جماعت اسلامی ہمیشہ آمروں کی مخبر رہی ہے۔
پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آئی ہے، پیپلزپارٹی نے کبھی اقتدار میں آنے کیلئے کسی کا کندھا اور چھتری استعمال نہیں کی، جماعت اسلامی نے آمروں سے سازباز کرکے کراچی کی میئر شپ اور نظامت حاصل کی۔
وقار مہدی نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔