لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی سمیت ملک کے مسائل ختم کیے، قوم جاننا چاہتی ہے ترقی کا سفر کیوں رُکا، ہم نے ملک کے ساتھ بڑی زیادتی کی ہے، شاید اس ازالے کا وقت اب آ رہا ہے، اگر ازالہ چاہتے ہیں توپھرہمیں اپنی ذات سے باہر نکلنا ہوگا۔
اٹک، جہلم، ملتان اور چکوال سے (ن) لیگ کی ٹکٹ کے امیدواروں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسحاق ڈار، شہاز شریف، مریم نواز، احسن اقبال اور دیگر رہنما کثیر تعداد میں موجود تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بہت عرصے بعد رابطہ ہوا، جنہوں نے رابطہ تڑوایا ان کا بھی شکریہ کہ انہوں نے نجانے ایسا کام کیوں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا سندھ میں عوامی رابطہ مہم شروع، ورکرز کنونشن کرنے کا فیصلہ
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ملک بہت پیچھے چلا گیا، اللہ تعالیٰ ملک کی حفاظت فرمائے، دنیا بہت آگے چلی گئی، ہم دیکھتے دیکھتے پیچھے رہ گئے ہیں، ہمیں افسوس کرنا چاہئے کہ ہم کیوں دنیا کے پست ترین ممالک میں شامل ہیں، یہ ملک بہت امیدوں کے ساتھ بنا تھا۔
نوازشریف نے کہا کہ 2017ء میں ہماری حکومت میں مزدور، کسان خوش تھے، پاکستان بڑی تیزی سے ترقی کر رہا تھا، ملک میں موٹرویز بن رہی تھیں، جب ہم نے اقتدارسنبھالا تو 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی، ہم نے ملک کو خوشحالی کی ڈگر پر ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء میں سب کہہ رہے تھے الیکشن ہوئے تو (ن) لیگ دوبارہ الیکشن جیتے گی، سارا کچھ دوبارہ اپ ڈاؤن ہو گیا، کیوں ہوگیا، قوم جاننا چاہتی ہے ملک کےساتھ ایسا کیوں ہوا، مہنگائی اتنی ہے لوگ سبزیاں، دال تک نہیں خرید سکتے، ایسا حال تو پاکستان کا پہلے کبھی نہیں دیکھا، دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور ہم بیرون ملک سے چیزیں منگواتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کا 18 دسمبر کو کراچی جانے کا فیصلہ، سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرینگے
نوازشریف نے کہا کہ پارٹی کی کوشش ہے سب کو میرٹ پر ٹکٹ ملیں، ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہو کر ملک کی خدمت کرنا ہو گی، ملک نے کافی مشکلات کا سامنا کیا، قوم پریشانی کے عالم میں ہے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو کامیابی عطا فرمائے، آئندہ اگر اللہ ہمیں حکومت عطا فرماتا ہے تو پہلے سے زیادہ اچھا کام کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی، گوشت، آٹا، چینی بہت مہنگی ہو چکی ہے، آج کل مہنگائی کے دور میں 40 سے 50 ہزار کمانے والے خاندان کا بجلی کا بل دینا مشکل ہو گیا ہے، اگر آپ الیکشن جیتتے ہیں تو یہ ذمہ داری آپ کے کندھوں پر آئے گی، اپنی کمر ابھی سے باندھ لیں۔
— PMLN (@pmln_org) December 11, 2023
نواز شریف نے کہا کہ قوم کے لیے اچھا وقت آئے گا تو ہم سب خوش ہوں گے، پاکستان خوشحال ہو گا تو ہر بندہ خوش ہو گا، خوشحال پاکستان بہت ہی ضروری ہے، آپ سب کا مقصد ایک ہی ہونا چاہئے کہ عوام خوشحال ہو۔