پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ارشد حسین کی زیر صدارت فضائی آلودگی بارے اجلاس ہوا، اجلاس میں پشاور میں فضائی آلودگی کی وجوہات اور اس کے تدارک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ کو ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا غیر معیاری اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی جا چکی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنے پر پیش رفت جاری ہے، اس مقصد کیلئے رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک منصوبہ شامل ہے، اب تک 256 بھٹوں 36 سٹیل ملوں کا معائنہ کیا جاچکا ہے۔
ارشد حسین نے ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی، ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے سرگرمیوں کی بجائے حل نکالا جائے، رکشوں اور آلودگی کا سبب بننے والی دیگر گاڑیوں کا مسئلہ حل کرنے کیلئے پلان مرتب کیا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس مقصد کیلئے اکیڈمیوں اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جائے، صحت مند معاشرے کے لئے آلودگی کو کنٹرول کرنا ناگزیر ہے۔