اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں دہشت گردی میں افغان عناصر کے ملوث ہونے کے معاملہ پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے افغان ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا، پاکستان کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت خارجہ کا حافظ گل بہادر کو پکڑ کر پاکستان کے حوالے کرنیکا مطالبہ
ڈی آئی خان حملے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی سے وابستہ ایک دہشت گرد گروپ تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی ہے، حملے کے نتیجے میں 23 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت سمیت متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔
افغان ناظم الامور سے کہا گیا کہ وہ فوری طور پر افغان عبوری حکومت کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کرے، پاکستان نے افغان حکومت سے حملے کے مرتکب افراد کے خلاف تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) December 12, 2023
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان حکومت دہشت گرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرے، حملے کے مرتکب افراد اور ٹی ٹی پی کی قیادت کو پکڑ کر حکومت پاکستان کے حوالے کیا جائے، افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
ڈی آئی خان حملہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خطرے کی ایک اور یاد دہانی ہے، پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔