مظفرآباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف توجہ مرکوز رکھنی چاہیے، ہم تین لڑائیاں لڑ چکے ہیں اور ہر قسم کی جنگ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
آزاد جموں و کشمیرکی جامعات کے طلباء سے گفتگو میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کی بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے، یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، داخلوں کیلئے کوٹے کا مسئلہ باہمی مشاورت سے حل کریں گے، میڈیکل کالجز میں بلوچستان کے طلبہ کا مسئلہ حل کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے فرعون اور آج نیتن یاہو بچوں کا قتل عام کر رہا ہے، ہم نے فیلڈ ہسپتال غزہ میں بھیجے ہیں، اسرائیلی بھیڑیا نیتن یاہو ہے، غزہ کی صورتحال پر ہم سب غمزدہ ہیں، اسرائیل نے ایک ہی چیز کمائی ہے وہ ہے نفرت، غزہ میں جنگ بندی کیلئے ہم اپنی کوششیں کر رہے ہیں۔
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) December 15, 2023
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ہماری ذمہ داری ہے، غیر قانونی مقیم غیر ملکی نہیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو اپنے ملکوں میں واپس جانا ہوگا، اگر کسی نے پاکستان آنا ہے تو ویزہ لے کر آئے، کسی رفیوجی کو واپس نہیں بھیجا جا رہا، جن کے پاس دستاویزات نہیں انہیں واپس بھیجا جا رہا ہے، غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے جانے سے اچھے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی بھی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتی، نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت کی ایک مذہبی اقلیت کو کرتارپور میں سہولت دی ہے، مودی نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنایا ہوا ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ میری اور آپ کی کوشش ہونی چاہیے کہ افواہوں کی نفی کریں، دشمن افواہیں پھیلاتا ہے تاکہ غلط فہمیاں پیدا ہوں، کشمیر کا صرف اور صرف ایک حل ہے اور وہ ہے کشمیریوں کی رائے، جو کشمیریوں کی مرضی ہے وہ سب کیلئے قابل قبول ہو گی۔