مظفر آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آزاد جموں و کشمیر کے 2 روزہ دورہ پر مظفر آباد پہنچ گئے۔
مظفرآباد پہنچنے پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق نے وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے جموں و کشمیر کی آزادی کی تحریک میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔
اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے شہداء گیلری کا بھی دورہ کیا۔
یاد رہے کہ انوار الحق کاکڑ آج آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کی کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔