لوئر دیر: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن اسی صورت میں قوم کو قابل قبول ہوں گے کہ وہ شفاف ہوں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 7 لوئر دیر سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے، امیر جماعت اسلامی کو بلامبٹ سے جلوس کی شکل میں ریٹرننگ افسر کے دفتر لایا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن آئین کا تقاضہ ہے، شیڈول آنے کے بعد شکوک و شبہات بھی ختم ہوگئے ہیں، کچھ لوگ ایسے ہیں جو الیکشن نہیں چاہتے تھے، ان کی خواہش تھی کہ کسی بھی طریقے سے الیکشن ملتوی ہو جائیں، ان لوگوں کو الیکشن میں شکست نظر آتی تھی۔
سراج الحق نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کیلئے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات پوری قوم کیلئے باعث شرم ہیں، ان واقعات سے پاکستان کو پوری دنیا کیلئے ایک تماشا بنایا گیا، جن کے مقدمات عدالتوں میں ہیں ان کے ساتھ انصاف اور عدل کے ساتھ معاملات طے کرنے چاہئیں۔