سیہون شریف: (دنیا نیوز) رہنما پیپلزپارٹی اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی فتح دیکھ رہا ہوں۔
کاغذات نامزدگی فارم جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ پی ایس 77 پر نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں، الیکشن میں پیپلز پارٹی کی فتح دیکھ رہا ہوں، سندھ سمیت پورے پاکستان سے لوگ پیپلز پارٹی جوائن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ والے کمرے سے بھی باہر نہیں نکل رہے، کے پی میں چیئرمین بلاول بھٹو نے 9 ورکرز کنونشن منعقد کئے، ان سب حالات کو دیکھ کر نظر آ رہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں بڑی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، پنجاب سے بھی اتنی سیٹیں لیں گے کہ ملک میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں اختلافات کی خبریں غلط ہیں، ہر حلقےمیں سینکڑوں کی تعداد میں امیدوار ہیں، ہر کوئی اپنی قابلیت بتانے کی کوشش کرتا ہے، پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ قیادت کرے گی، میرے خلاف جو الیکشن لڑنا چاہتا ہے میں اسے خوش آمدید کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مطالبہ کیا ہے انتخابات وقت پر ہوں، سپریم کورٹ کی کارروائی سب نے دیکھی، اب الیکشن میں تاخیر نہ ہونی چاہیے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مسنگ پرسن کے احتجاج میں خواتین پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں، جو بھی لوگ لاپتہ ہیں انہیں ظاہر کیا جائے، آئندہ وزیراعلیٰ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم پاکستان بنائیں گے۔