لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج تیسرا اور آخری روز ہے۔
سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات کا حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا لاہور سے الیکشن لڑنے کا امکان ہے۔
آصف زرداری نے این اے 207 نواب شاہ سے انتخابی فارم وصول کیا، مریم نواز نے صوبائی الیکشن کمیشن آفس سے ووٹ سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا، پانچ حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز، (ن) لیگ کا بھی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قومی اسمبلی کے حلقہ 260 اور بلوچستان کے حلقہ 32 سے انتخابات میں حصہ لیں گے، فضل الرحمان نے این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی کے 50 اور این اے 19 کے لئے کاغذات جمع کرا دیئے، سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے این اے 53 سے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے اور جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست کل (23 دسمبر) کو جاری ہوگی، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔
مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
ای سی پی کا کہنا ہے کہ تین جنوری 2024ء کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلوں کیلئے مختص کیا گیا ہے جبکہ 10 جنوری کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلے کا آخری دن ہو گا، 11 جنوری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرستیں جاری کی جائیں گی۔
12 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، امیدواروں کو 13 جنوری کو انتخابی نشان دیئے جائیں گے، جبکہ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔
ای سی پی کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے لئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔