اگر کہیں پی ٹی آئی امیدوار کو انتخابی عمل سے روکا گیا تو غلط ہے، دانیال عزیز

Published On 22 December,2023 08:20 pm

ظفروال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ اگر کہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار کو انتخابی عمل سے روکا جا رہا ہے تو یہ غلط ہے۔

ظفروال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ انتخابات منصفانہ اور شفاف ہونے چاہئیں، کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں رکاوٹ کی شکایت کا پلیٹ فارم موجود ہے، متاثرہ امیدوار اپنی شکایت آر او آفس اور الیکشن کمیشن میں درج کروائے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف لاڈلہ نہیں ہے، نواز شریف کو ایک لفظ پر ہٹایا گیا، وہ ہے ریسیو ایبل، ڈکشنری میں ریسیو ایبل لفظ کی تشریح موجود نہیں ہے، نواز شریف کروڑوں ووٹوں سے آئے اور ان کو اقتدار سے اتار دیا گیا، ایسا لاڈلوں کے ساتھ نہیں ہوتا۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو طیارہ ہائی جیک کے کیس میں اقتدار سے اتارا گیا، نواز شریف جہاز میں نہیں تھے کہ کن پٹی پر پستول رکھ کر انہوں نے ہائی جیکنگ کی، جہاز میں تو اتنا فیول تھا کہ سری لنکا سے ہو کر واپس آسکتا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ سائفر کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرنا سپریم کورٹ کا اختیار ہے۔