پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند، موٹر وے مختلف مقامات سے بند

Published On 24 December,2023 08:09 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے، حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک بند کر دی گئی ہے۔

موٹروے ایم فور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک، موٹروے ایم فائیو شیرشاہ سے ظاہر پیر تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کی جاتی ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ دھند کے موسم میں دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں۔

دوسری جانب ملک کے اکثر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔