اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ وکلا ہمارے معاشرے کی طاقت ہیں،ریاست کے نظام کی مضبوطی اور اداروں کو مستحکم کرنے میں وکلا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وکلا کو باوقار مقام دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سے صدر سپریم کورٹ بار آزاد کشمیر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، وفد میں نائب صدر سپریم کورٹ بار سردار جاوید اعظم، جنرل سیکرٹری حلیم اعظم، جائنٹ سیکرٹری جمشید احمد، سردار ظریف اسلم، نذر حسین نذر، محمد خالد نقشبندی اور خواجہ عامر رسول بٹ ایڈووکیٹس شریک تھے۔
اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بددیانتی اور کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، ہم نے مل کر نظام میں بہتری لانے کیلئے کوشش کرنی ہے، وکلا کو باوقار مقام دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں 3 کشمیریوں کے حراستی قتل کی شدید مذمت
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار، ڈسٹرکٹ بار اور دیگر بارز پر مشتمل ایک جائنٹ ایکشن کمیٹی بنائیں جس میں تمام بارز کی نمائندگی ہو، وکلا کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے لائرز ریلیف فنڈز میں رقم مختص کریں گے، وکلا کوصحت کی سہولیات سمیت دیگر تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
چوہدری انوارالحق نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، ہسپتالوں میں ادویات کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا ہے تا کہ ادویات کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات آتے ہی مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشنز اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں اضافہ
وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کو گڈگورننس، میرٹ، قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے سپریم کورٹ بار کے وفد کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر کیک کاٹا، سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، سیکرٹری اطلاعات انصر یعقوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔