اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیریوں کے آئینی حقوق کا قتل کیا، بھارتی سپریم کورٹ سے کشمیریوں کو انصاف کی کوئی اُمید نہیں تھی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا، مجھے یقین تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ بھارتی حکومت کے فیصلے کا دفاع کرے گی۔
چودھری انوار الحق نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارت کے کسی ادارے حتیٰ کہ بھارتی سپریم کورٹ سے بھی کوئی اُمید نہیں تھی، تمام بھارتی ادارے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں، کشمیری اپنی حق خودارادیت کی تحریک جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کشمیر نے تحریک آزادی کو اپنے خون سے سینچا ہے، بھارت ہندوتوا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، کشمیری الحاق پاکستان کے داعی ہیں، انشاءاللہ کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔