اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال ملک نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر ہندوستان نے کشمیری قوم سے نفرت کا اظہار کیا۔
بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے "دنیا نیوز" سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کا وزیراعظم ہو، دہشت گرد فوج ہو یا عدلیہ ہو، کسی نے بھی کشمیریوں کو انصاف نہیں دیا، بھارت میں جنگل کا قانون ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے آج اپنے ہی آئین کی خلاف ورزی کی، بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، مودی اور نیتن یاہو میں مقابلہ ہے کہ کون کتنا زیادہ قتل عام کرے گا۔
معاون خصوصی وزیر اعظم نے کہا کہ آر ایس ایس اور بھارتی دہشتگردی کا دائرہ پوری دنیا تک پھیل چکا ہے، بھارت سے کشمیر تک کشمیریوں اور سکھوں کا قتل عام جاری ہے، دنیا آخر کب جاگے گی؟ کشمیری اور کتنی قربانیاں دیں کہ اقوام عالم جاگے گا۔