اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہمی کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں چاروں چیف سیکرٹریز، آئی جیز، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے 22 دسمبر کے حکم کے باوجود پی ٹی آئی کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں کو ہراساں اور گرفتار کیا گیا۔
پی ٹی آئی کا درخواست میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی امیدواروں سے ہونے والے سلوک سے بذریعہ خط آگاہ کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ آئی جی پنجاب پی ٹی آئی کیخلاف ہونے والی کارروائیوں کے ماسٹرمائنڈ ہیں، الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کارروائی کی جائے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، پی ٹی آئی نے درخواست میں اپنے امیدواروں کو ریلیوں اور جلسوں کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی۔