پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی 15 روز کیلئے نظر بند

Published On 26 December,2023 03:46 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 15 روز کیلئے نظر بند کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں، شاہ محمود کی رہائی سے امن وامان کی صورتحال بگڑنے کا خدشہ ہے۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او کی رپورٹ پر سی پی او نے 45 روزہ نظر بندی کی تجویز دی، ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی پولیس اور اداروں کی رپورٹ سے اتفاق کیا، شاہ محمود کو اپیل کا حق دیتے ہوئے 15روز کے لئے نظر بند کیا جاتا ہے۔

حکم نامے کے مطابق سی پی او راولپنڈی کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کے تھری ایم پی او کے آرڈر جاری کیے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں، نو مئی کے مقدمات میں سابق وزیر خارجہ سے تفتیش درکار ہے۔