سکھر: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھر پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو کسی الیکشن میں فیور نہیں ملی، انشاء اللہ الیکشن شفاف ہوں گے، لیول پلیئنگ فیلڈ کی اب بات نہیں رہی، پیپلزپارٹی کا فیور لینے کا تصور غلط ہے، ہم نہ پہلے لاڈلے بنے ہیں اور نہ بنیں گے، ہم عوام کے لاڈلے ہیں اور رہیں گے۔
سابق صوبائی وزیرنے کہا کہ پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے، اگر ہم پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں تو اس پر اتحاد کی بات نہیں ہونی چاہئے، پیپلزپارٹی کا سمبل تلوار سے تیر کر دیا گیا ہم نے اس کو قبول کیا، ہم الیکشن کا عمل شفاف چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے اگر عوامی پروسیس کرتے تو ان کو آج ان حالات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ن لیگ پی ٹی آئی کو الگ رکھنا چاہتی ہے تو اس کا جواب وہ دیں گے، ملکی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت اور اپوزیشن تعمیری باتیں کریں، پی ٹی آئی کو آر ٹی ایس کے ذریعے لایا گیا، سندھ میں ہمیں تحریک انصاف سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم ہر جگہ پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں، حلقہ بندیوں پر سب سے زیادہ اعتراض پیپلزپارٹی کو ہیں، سب سے زیادہ اعتراضات ہم نے الیکشن کمیشن میں داخل کئے ہیں، ہم کورٹ میں بھی گئے ہیں اس کے خلاف، ایم کیو ایم نان ایشو اٹھانے کی ماہر ہے، ایم کیو ایم والے بتائیں کہ انہوں نے کتنے اعتراضات داخل کئے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ہم بھی چاہتے تھے کہ آر او عدالتی سسٹم سے ہوں، ہم ایک دن بھی الیکشن میں اب تاخیر نہیں چاہتے، بلاول بھٹو کی لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات پر کچھ لوگوں کی داڑھی میں پتہ نہیں کیوں کھجلی ہوئی، مسلم لیگ ن سیاسی جماعت ہے اور وہ عوام میں جائے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ سندھ کی حالت پر باتیں کرنے والے سقراط اور بقراط آکر خود سندھ کو دیکھیں، پیپلزپارٹی نے ماضی میں مشکلات کے باوجود 2018ء میں 2013ء سے زیادہ سیٹیں حاصل کیں، سندھ میں انشاء اللہ کلین سویپ کریں گے۔